تیسرا ٹیسٹ: آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

442

لاہور: آسٹریلیا نے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں پاکستان کو 115  رنز سے شکست دے کر سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز قومی ٹیم 351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 235 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان پیٹ کمنز نے تین جبکہ مچل اسٹارک اور کیمرون گرین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ مہمان ٹیم تیسری مرتبہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔

کھیل کے آخری روز  پاکستان  نے بغیر کسی نقصان کے 73  رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا  لیکن  پہلے سیشن میں ہی  عبد اللہ شفیق  27 رنز پر پویلین لوٹ گئے، ان کی جگہ اظہر علی آئے جو ٹیم کے 105 رنز کے مجموعی اسکور پر 17 رنز بناکر اسمتھ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

ٹیم کے 142 کے اسکور پر امام الحق بھی 70 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وہ بھی گزشتہ دو کھلاڑیوں کی طرح کیچ آؤٹ ہوئے۔ فواد عالم 11 رنز اور محمد رضوان صفر پر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان ٹیم کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابراعظم تھے، جو 54 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے جبکہ ساتویں کھلاڑی ساجد خان کو مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔

ساجد خان کے بعد آنے والے حسن علی 13 اور شاہین آفریدی ایک رن پر آؤٹ ہوگئے۔

آسٹریلوی  کپتان پیٹ کمنز نے نسیم شاہ کی وکٹ اڑا کر ٹیم  کو فتح دلوائی اور اس طرح آسٹریلیا نے میچ 115 رنز سے جیت لیا۔

خیال رہے کہ پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 391 رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، جس کے بعد آسٹریلیا نے دوسری اننگز 227 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی۔