حکومت ہارس ٹریڈنگ کے ثبوت سامنے لائے، مریم اورنگزیب

206

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر حکومت کے پاس منحرف اراکین کے پیسے وصول کرنے کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے، منحرف اراکین نے حلفیہ بیانات دیے ہیں کہ انہوں نے کوئی پیسہ وصول نہیں کیا اور انہیں کسی نے ایک پیسے کی آفر نہیں کی۔اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج وفاق پر حملہ عمران خان نے کیا ہے، اس حکومت میں جمہوریت پر ہر روز حملہ کیا گیا، پاکستان کے عوام کو گمراہ کیا گیا، سیاسی مقاصد کے لیے قومی وسائل کا استعمال کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کے عوام کو گمراہ کیا، مدینہ کی ریاست کا نام استعمال کر کے کشمیر فروشی کی، ہارس ٹریڈنگ کا کوئی ثبوت ہے تو عوام
کے سامنے لائیں، ساڑھے 3 سال کے دوران بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا، صرف مخالفین پر بدترین الزامات لگائے گئے۔انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کا بیان ان کی ہار اور شکست کی دلیل ہے، ایک جانب حکومت منحرف اراکین کو کہتی ہے کہ واپس آجاؤ، دوسری جانب ان کے گھروں پر حملے کراتی ہے، اراکین کو ڈراتی دھمکاتی ہے، کرائے کے ترجمان جھوٹ بولنا بند کریں اور گھر جانے کی تیاری کریں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے ہر رکن اسمبلی پارلیمنٹ آئے گا، اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے گا اور آئین اور قانون کے مطابق اس کا ووٹ گنا بھی جائے گا۔