ڈاکٹروں کی اجازت ملتے ہی پاکستان پہنچ جائوں گا ، نواز شریف

255

لندن، اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ جلد از جلدوطن واپس پہنچنا چاہتے ہیں، جونہی ڈاکٹروں نے اجازت دی اگلی فلائٹ پر پاکستان پہنچ جاؤں گا ، ان شاء اللہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی کیونکہ نمبرز پورے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے سابق رکن سنتوش کمار بگٹی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے نواز شریف سے لندن میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزیرخزانہ اسحق ڈار بھی موجودتھے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ جلد وطن واپس پہنچنا چاہتے ہیں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا کہ وہ ملک کی معاشی صورت حال پر سخت رنجیدہ ہیں معاشی زبوں حالی ، مہنگائی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا دو بھر کر دیا ہے ، بلوچستان کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مستحکم بلوچستان پرامن پاکستان کے لیے ناگزیر ہے ،مسلم لیگ (ن) نے بلوچستان کے عوام اور اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے بلوچستان اسمبلی سنتوش کمار بگٹی نے کاوی موساوی کی رپورٹ پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے نے شریف خاندان کے شفاف کردارپر مہر تصدیق ثبت کردی ہے اور یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ شریف خاندان کے خلاف کرپشن کے نام پر بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا۔