اٹک (اے پی پی) اٹک کے گائوں بولیانوال گائوں میں سالانہ عرس بالا پیر سرکار کے موقع پر 2 مخالف گروپوں میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق 7 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کی زد میں آکر پولیس اہلکار عبدالرحمن بھی شہید ہو گیا ہے۔ فائرنگ کاواقعہ میلے میں قوالی کے دوران پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک راناشعیب محمود بھاری نفری کے ہمراہ اسپتال پہنچ گئے۔ انہوں نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں روانہ کر دیں ، واقعے پرانی دشمنی کاشاخسانہ بتایا جارہا ہے۔ اندھا دھند فائرنگ اور ہلاکتوں سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ فرانزک ٹیموں نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر لیے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی۔