کرکٹ کے قلندرز اب ہاکی کے بھی قلندرز بنیں گے ، شہلا رضا

192

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کی فاتح لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا اور لاہور قلندر ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے ڈائریکٹر سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید ٹرافی کے ہمراہ کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پہنچے تو پاکستان ہاکی فیڈریشن سندھ کی جنرل منیجر، کے ایچ اے کی چیئرپرسن و صوبائی وزیر ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے اولمپیئن حنیف خان، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر حکومت سندھ اختر عنایت بھرگڑی، سابق سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر امتیاز علی شاہ، چیئر مین کے ایچ اے گلفراز خان، کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین، سینئر نائب صدر ڈاکٹر ماجد، اولمپیئن عبدالحسیم خان، انتر نیشنل ہاکی پلیئر جمیل احمد، پرویز اقبال، خالد جونیئر، کے ایچ اے کے خازن ابوزر امراؤ جاوید اقبال، محسن خان سمیت دیگر کے ہمراہ ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران عاطف رانا کا کہنا تھا کہ کراچی والے ہمیشہ سے کچھ مختلف کرنے کیلیے مشہور ہیں آج ہمارا استقبال بھی ملک کے دیگر شہروں سے مختلف ہوا۔ جس پروقار، شاندار اور پرتپاک انداز سے استقبال کرکے کراچی والوں نے ہمارے دل جیت لیے، عید کے بعد کے ایچ اے کے ساتھ مل کر ہاکی کا میلہ سجائیں گے۔ پی ایس ایل کی جیت لاہور قلندر سمیت پورے پاکستان کی جیت ہے۔ ہماری جیت میں مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ اپنے اہداف کو حاصل کرنے کا پیغام چھپا ہے۔ تقریب سے خطاب کے دوران عاقب جاوید نے کہا کہ لاہور قلندر کی جیت ہماری 7 سال کی جدو جہد اور کرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کا ثمر ہے۔ ہمارے پاس 11 نہیں بلکہ ابھی 126 سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو وقت کے ساتھ پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی نمائندگی کرسکتے ہیں، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے، اس کی ترقی اور بحالی ہمارے ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ بہت جلد ہاکی کے حوالے سے اپنے روڈ میپ کا اعلان کریں گے، صوبائی وزیر شہلا رضا نے تقریب کے لئے تعاون کرنے پر جی ایف ایس بلڈرز کے چیف ایگزیکٹو عرفان واحد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی مسلسل خدمت کرکے اور ٹارگٹ حاصل کرکے لاہور قلندر نے ثابت کردیا کہ وہ گھبرانے والے نہیں ہیں۔ پی ایس ایل سیزن 7 کی کامیابی ان کی جدو جہد مسلسل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اب لاہور قلندر کو ہاکی کا بھی قلندر بننا ہوگا۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن حیدر حسین کی سربراہی میں لاہور قلندر کے ساتھ قدم بہ قدم ساتھ چلنے کے لئے تیار ہے۔