کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ کھیل و امور نوجوانان سندھ کے تحت سندھ سپرلیگ فٹبال 2022 میں دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ لیگ کا چوتھا میچ ملیر بازیگر اور سکھر ڈولفن کے درمیان کھیلا گیا جوکہ 3-3 گول سے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ ملیر بازیگر کے نعیم نے 46ویں منٹ میں، فرقان نے 70ویں منٹ میں اور کپتان صدام حسین نے 83 ویں منٹ میں ایک ، ایک گول اسکور کیے۔ دوسری طرف سکھر ڈولفن کی طرف سے سردار ولی نے 14 ویں منٹ میں 1 گول اسکور کیا جبکہ 35 ویں اور 50 ویں منٹ پر افضل نے 2 گول اسکور کیے۔ پانچواں میچ لیاری فائٹرز اور بینظیر آباد لائنز کے درمیان کھیلا گیا۔ لیاری فائٹرز کے نعمان ڈوڈو نے 32ویں منٹ میں ، محمد علی نے 42 ویں منٹ اور عبید احمد نے 48 ویں منٹ میں ایک ایک گول اسکور کرکے بینظیر آباد لائز کو 3-0 سے ہرادیا۔ اس موقع پر لیاری فائٹرز کے اونر سینیٹر یوسف بلوچ بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے گرائونڈ میں موجود تھے جنہوں نے لیاری فائٹرز کے کھلاڑیوں کو فتح پر مبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر پیپلز فٹبال اسٹیڈیم لیاری میں شائقین فٹبال کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جومیچ کے دوران کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی نظرآئی۔