تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے مغرب کو اپنا تیل فروخت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پاس 3کے نئے خریدار موجود ہیں۔ایرانی تیل کی صنعت کے قومی دن کے موقع پر مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے وزیر پٹرولیم جواد اوجی نے کہا کہ ایران پرعائد پابندیوں کے باوجود ہم اپنا تیل نئے خریداروں کو بیچ سکتے ہیں ہم پر عائد پابندیوں اور ہماری برآمدات کو صفر کرنے کی سازشوں کے باوجود ایرانی خام تیل کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں خام تیل اور گیس یومیہ پیداواری صلاحیت 40لاکھ بیرل سے بڑھاکر 5کروڑ 7لاکھ بیرل تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حجم کے لحاظ سے گزشتہ سال کے مقابلے میں ہمارے تیل کی برآمدات میں اضافہ ہوا اور بین الاقوامی قیمتوں میں اضافے سے ہماری تیل کی آمدن بھی بڑھی۔ اوجی نے مزید کہا کہ اس وقت ایرانی پیٹرو کیمیکل صنعت کی پیداواری صلاحیت 68 پیٹرو کیمیکل کمپلیکس میں تقریباً 9کروڑ ٹن ہے جو کہ 4سالوں میں 14کروڑ ٹن تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2021 ء کے مقابلے میں خام تیل، گیس پیٹرولیم مصنوعات اور پیٹرو کیمیکل کی فروخت اور برآمدات سے رقوم کی وصولیوں میں تقریباً 2.5 گنا اضافہ ہوا ہے ۔