وزیراعظم کو ہٹانے کیلئے گیٹ نمبر 4 نہیں کھٹکھٹائوں گا،بلاول

299
ملاکنڈ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری جلسے سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد/ ملاکنڈ (آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو ہٹانے کے لیے گیٹ نمبر 4 نہیں کھٹکھٹاؤں گا‘ خان تم میںغیرت ہے تو مقابلہ کرو‘ تم چوہے ہو‘ عمران خان جانور ہونے کی وجہ سے ملک میں جنگل کا قانون چاہتا ہے‘ تمہیں صرف گالیاں دینی آتی ہیں‘ سلیکٹڈ نے بھارت سے فنڈ لیے‘ اسمبلی میں 172افراد کا جلسہ کر کے دکھائو۔ملاکنڈ میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان اپنی اکثریت کھو چکا ہے‘ ان کی حکومت ختم ہو چکی ہے اور وہ سابق وزیراعظم ہے‘ وہ دوسروں کو چوہا کہتے ہیں‘ مگر وہ خود چوہا ہے جو مقابلے سے بھاگ رہا ہے‘ اپنے آپ کو خان کہلاتا ہے‘ یہ کہاں کا خان ہے؟ خان توعزت والے ہوتے ہیں‘ غیرت والے ہوتے ہیں‘ بہادر ہوتے ہیں‘ یہ صرف فنی گالہ کا خان ہے‘ غیرت ہے تو مقابلہ کرو‘ بزدل مقابلے سے بھاگتا ہے اور صرف گالیاں دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کا علاج ووٹ سے کریں گے‘ جمہوری طریقے سے اس کو باہر نکالوں گا‘ کوئی غیر جمہوری ہتھیار استعمال نہیں کروں گا، گیٹ نمبر 4 پر نہیں جائوں گا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ 8 مارچ کو عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی تھی‘ 14روز کے اندر اجلاس ہونا تھا‘ پھر پارلیمنٹ لاجز اور سندھ ہائوس پر حملہ ہوا‘ یہ شخص بیچارے اسپیکر کو آئین کے آرٹیکل 6 میں پھنسا رہا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بھاگنے کا سلسلہ بند کرو اور 172 افراد کا اسمبلی میں جلسہ کر کے دکھائو‘ 3 سال کے بعد بھی ان کے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ہے‘ عمران پہلے تم اپنے بچوں کو تو اردو سکھائو‘ تم صرف گالی دے سکتے ہو‘ عوام کے لیے مہنگائی پر توجہ نہیں دینا چاہتے‘ یہ مدینہ ریاست کی بات کرتا ہے اور اسی زبان سے گالی دیتا ہے تو پھر یہ مدینہ کی ریاست ہو سکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ دوسروں پر الزامات لگاتا ہے مگر خود بھارت سے لی گئی فنڈنگ کا جواب نہیں دیتا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ یہ کرپشن کی رٹ لگاتا ہے‘ 3 سال کے دوران وفاق میں اور8 سال کے دوران کے پی کے میں ایک بھی کرپٹ شخص کو سزا نہیں ملی‘ یہ کس کو جانور کہہ رہا تھا جبکہ جانور خود ہے‘ عمران جانور ہے اور جنگل کا قانون چاہتا ہے‘ ہم آئین، وفاق اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں‘ آنے والے انتخابات شفاف ہوں گے اور ہم دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے۔