آرٹیکل 63 اے کی تشریح، چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کل سماعت کریگا

260

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کا لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا۔چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کل 24 مارچ کو صدارتی ریفرنس کی سماعت کریگا۔لارجر بینچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس مظہر عالم اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے منحرف اراکین کے معاملے پر آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائرکردیا ہے۔صدارتی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 63 اے میں درج نہیں کہ ڈیفیکٹ کرنے والا رکن کتنے عرصہ کے لیے نااہل ہو گا، وفاداری تبدیل کرنے پر آرٹیکل 62 ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہونی چاہیے، ایسے ارکان پر
ہمیشہ کے لیے پارلیمنٹ کے دروازے بند ہوں۔صدارتی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ووٹ خریداری کے کلچر کو روکنے کے لیے 63 اے اور 62 ایف کی تشریح کی جائے اور منحرف ارکان کا ووٹ متنازع سمجھا جائے۔صدارتی ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نااہلی کا فیصلہ ہونے تک منحرف ووٹ گنتی میں شمار نہ کیا جائے۔