سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک)روہڑی میں اغوا میں مزاحمت پر ہندو لڑکی پوجا کماری کو گولی مار کر قتل کردیا گیا۔پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا،قتل میں ملوث مزید دو ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق
روہڑی کے علاقے چھوہارا منڈی کے قریب ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی 18 برس کی لڑکی پوجا کماری کو شادی سے انکار پر اغوا کرنے کی کوشش کی گئی اور مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم واحد بخش لاشاری کو گرفتار کرلیاگیا۔ سکھر پولیس کے مطابق ملزم واحد بخش لاشاری مقتولہ کا پڑوسی ہے جو مقتولہ کو پسند کرتا تھاجس نے شادی سے انکار پراسلحہ کے زور پر اغوا کی کوشش کی اور مزاحمت پر لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا جبکہ ملزم کے مزید2ساتھیوںکی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور گیان چند ایسرانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس سکھر سے رابطہ کرکے رپورٹ طلب کرلی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ واقعے کی سخت مذمت کرتے ہیں ، سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی جانب سے پوجا کماری کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور پوجا کماری کے خاندان کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔