رمضان سے قبل اشیاء خورونوش کی قیمت کم کی جائے‘ عالم بیگ

240

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی مجلس امن برائے بین المذاہب ہم آ ہنگی پاکستان کے مر کزی ر ہنماء اور معروف سماجی رہنماء مرزا عالم بیگ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان سے قبل اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی جائے ، انہوں نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اپیل کی کہ ماہ رمضان میں اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں ،وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ ہدایت د یں کہ انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں جب کہ سحرا ورافطار کے اوقات میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے جائیں تاکہ عوام سکون کیساتھ سحرا ورافطار کے انتظامات کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور ماہ ر مضان کی آ مد پر اس کے اثرات کے پیش نظر اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا ۔مرزا عالم بیگ کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ جاتاہے، منافع خور سرگرم ہو جاتے ہیں، دالیں، چینی، مرغی، چھوٹا اور بڑا گوشت، چائے کی پتی، دودھ، انڈے، مشروبات ، چاول، گھی، بیسن، آٹا، سبزی، پھل اور ہر قسم کی ضروریات زندگی مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہیں۔مرزا عالم بیگ نے کہا کہ حسب روایت رواں برس بھی رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوتا نظر آرہا ہے، بدقسمتی سے وطن عزیز میں ہر سال ماہ رمضان کی آمد سے قبل ہی اشیائے خورونوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں عام آدمی کو پورے ماہ پریشانی میں مبتلا کیے رکھتی ہیں، رمضان سے قبل ہی دودھ ، چینی، آٹا اور دالوں کی قیمتیں مزید بڑھا دی گئیں ہیں جس سے غر یب انسان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے لہٰذا حکومت کو اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں کمی کے لیے توجہ دینی ہوگی۔