چینی قرض دہندگان اورکمپنیوں کے تحفظات دورکیے جائیں،میاں زاہد

178

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی کشمکش تصادم میں تبدیل ہو رہی ہے جس سے معاشرہ اور معیشت بری طرح متاثرہوگی۔ سیاسی مخالفت کودشمنی نہ بنایا جائے بلکہ اسپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کیا جائے۔ سی پیک کی تکمیل میں بھی مشکلات بڑھ رہی ہیں جوتشویشناک ہیں یہ منصوبہ پہلے ہی غیرملکی سازشوں اورسیکورٹی مسائل سے دوچار تھا اوراب ادائیگیوں کا بحران بھی شروع ہوگیا ہے جوانتہائی پریشان کن ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ میں رکاوٹیں ناقابل برداشت ہیں کیونکہ اس پراربوں ڈالرلگ چکے ہیں اوراب اس کی جلد ازجلد تکمیل ہی پاکستان اورچین کے مفاد میں ہے۔ آئی پی پیزکوبروقت ادائیگیاں نہ ہونے اوردیگرمسائل کی وجہ سے گوادرمیں تین سومیگا واٹ کے بجلی گھرپرکام بند کیا جاچکا ہے۔