لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) گیریلو اور خیرپور ناتھن شاہ میں مختلف واقعات میں دو نوجوان زندگی کی جنگ ہارگئے۔ تفصیلات کے مطابق گیریلو کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل سلپ ہونے کے نتیجے میں گاؤں محراب پور کا رہائشی 28 سالہ نوجوان سجاد جتوئی شدید زخمی ہوئے جنہیں ورثا کی جانب سے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیا جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا، دوسری جانب دادو ضلع کی تحصیل خیرپور ناتھن شاہ میں نوجوان منیر احمد چانڈیو نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقیوں کے باعث زہریلی دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی جسے ورثا کی جانب سے تشویش ناک حالت میں چانڈکا اسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے موت کی تصدیق کی، دوسری جانب متوفین کی نعشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں جبکہ نعشیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ سرفراز نواز شیخ کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروش، اشتہاری و مطلوب 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور بھینس برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے ہیں۔ شہید الٰہی بخش سیال پولیس نے نئوں آباد کے قریب مبینہ مقابلے میں ملزم کریم بخش میربحر کو بغیر لائسنس پستول اور گولیوں سمیت، ولید پولیس نے سرگرم ملزم شفیع الرحمٰن گاڈھی کو بغیر لائسنس پستول اور گولیوں سمیت، باڈہ پولیس نے تین اشتہاری و مطلوب ملزمان سونو ملانو، علی محمد ملانو اور نوید ملانو کو، ڈوکری پولیس نے منشیات فروش منیر چانڈیو کو 1500 گرام بھنگ سمیت گرفتار جبکہ تعلقہ پولیس نے شہری غلام محمد مری کی چوری شدہ بھینس برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔