نیوٹرل کا مطلب ہے کوئی مددکو نہیں آرہا ،مریم نواز کی عمران خان پر تنقید

149

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو بچانے اب کوئی نہیں آئے گا، ’یور گیم از اوور ناؤ’۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نیوٹرل کا مطلب یہ ہے کہ کوئی مدد کو نہیں آرہا، جب سے ’نیوٹریلیٹی‘ کی ہوا چلی، کسی شخص کی ہوا نکل گئی ہے۔مریم کا یہ بھی کہنا تھاکہ نیوٹرل کے لفظ سے ساری جماعت کا شیرازہ بکھر گیا، یہ حال تو کبھی تانگا پارٹی کا نہیں دیکھا، آپ نے نیب، ایف آئی اے اینٹی کرپشن کسی کو نیوٹرل رہنے نہیں دیا، آپ چاہتے ہیں ’کوئی‘ آپ کی گنتی پوری کرکے دے، آپ کو اکیلا میدان میں رکھے، میڈیا کو مینج کرے، ’کوئی‘ یہ کرنے پر تیار نہیں تو آپ جانور کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مچھلی کی طرح تڑپنے کی ضرورت نہیں، نیوٹرل ہونا آئین کی پاسداری ہے، یہ تو اچھی بات ہے ’کوئی‘ آئین کی پاسداری کررہا ہے تو ویلکم کرنا چاہیے۔عمران خان کہتے ہیں کہ ان کے خلاف عالمی سطح پر سازش ہوگئی، عمران خان کی پارٹی ریت کی طرح پھسل گئی ہے،اگر گھی آٹا چینی پیٹرول کے بارے میں سوچا ہوتا تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتاجو وزیراعظم کو چھوڑ کر جارہے ہیں تو انہیں خریدنے کی کیا ضرورت جب اپنی اقلیت کو اکثریت میں بدلا، کیا کیا تھا وزیراعظم نے تب ،وزیراعظم جانے والوں کو لوٹا بھی کہہ رہے اور یہ بھی کہہ رہے کہ میں معاف کردوں گا،عمران خان مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں ،وزیراعظم عمران خان تکبر اور غرور کا شکار ہوئے ہیں کسی ملک کو عمران خان کے خلاف سازشیں کرنے کی ضرورت نہیں ،وزیراعظم عمران خان خود اپنے لیے سازش کے لیے کافی ہیں وزیراعظم نے کل بھارت تک کی تعریف کی عمران خان جو بائیڈن کی کال کا انتظار کر رہے تھے جب جو بائڈن کی کال نہیں آئی تو خود مختاری یاد آگئی دوسرے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات خراب کیے۔