پشاور (آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بی آر ٹی پشاور کی افادیت اور عوامی مطالبے کے پیش نظر بی آر ٹی کے مزید 5 فیڈر روٹس کی منظوری دیدی ہے جبکہ ان روٹس کے لیے 86 نئی بسوں کی خریداری کے لیے آرڈرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ منظوری انہوں نے پیر کے روز خیبرپختونخوااربن موبیلٹی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے13ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ صوبائی کابینہ اراکین تیمور سلیم جھگڑا، شاہ محمد وزیر، بیرسٹر محمد علی سیف ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ دیگر بورڈ اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔نو منظور شدہ فیڈر روٹس میں ساڑھے سات کلومیٹر حیات آباد فیز ون، بارہ کلومیٹر ریگی ماڈل ٹاؤن ناصر باغ روڈ،سات کلومیٹر ورسک روڈ، چار کلومیٹر خیبرروڈاور پندرہ کلومیٹر چمکنی تا پبی روڈشامل ہیں۔اجلاس میں زو بائی سائیکل کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے زو بائی سائیکل کی سیکورٹی فیس 3 ہزار روپے سے کم کرکے ایک ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ زو بائی سائیکل کے کرایوں میں بھی کمی کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ رواں سال جون تک بی آ ر ٹی کے تمام فیڈر روٹس کو فعال بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور تمام متعلقہ ادارے اس سلسلے میں اپنی ذمے داریاں بر وقت پوری کریں۔