کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسپکشن‘ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ اسپیکراسد قیصر نے آئین سے انحراف کیا ہے اور آئین پاکستان سے غداری کرنے والے پر آرٹیکل 6 کا اطلاق ہوتا ہے، اسپیکر اسد قیصر کا نام تاریخ میں سیاہ الفاظ میںلکھا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی میں کرونا وائرس ویکسینشن مہم کے فیز 2 کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مستقبل اب پاگل خانہ ہے، عوام اور پارلیمنٹ کی اکثریت نے عمران خان کی حکومت پر عدم اعتماد کردیا ہے اب صرف پارلیمانی رسم ادا ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کی بھرپور تیاریاں کررہی ہے حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن کے بعد امیدواروں سے درخواستیں مانگی جائیں گی اور پیپلزپارٹی ان شاء اللہ کراچی میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی اور آئندہ میئر پیپلزپارٹی کا جیالہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب سلیکٹڈ وزیراعظم کا وقت پورا ہو چکا ہے وہ اب چند دن کے مہمان ہیں. قبل ازیں سندھ گورنمنٹ ہسپتال کورنگی نمبر ڈیڑھ میں منعقدہ کو ویڈ نائنٹین کے 21 مارچ سے شروع ہونے والے دوسرے فیز کی ابتدائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں مشکور ہوں ہو کہ مجھے اس تقریب میں مدعو کیا گیا آج ہم کو ویڈ نائنٹین مہم کے فیز ٹو کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔