چین کا مسافر بردار طیارہ گرکر تباہ،132 افراد سوار تھے،کسی کے بچنے کا امکان نہیں،چینی میڈیا

293

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے صوبے گونگش میں مسافر بردار طیارہ پہاڑی پر گر کر تباہ ہوگیا جس میں 133 افراد سوار تھے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے چینی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ طیارہ کونمینگ سے گوانگزو کے لیے محو پرواز تھا۔ حکام کی جانب سے تاحال حادثے میں ہلاکتوں یا زخمی افراد کے بارے میں تصدیق نہیں کی گئی ہے تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ جہاز میں موجود تمام مسافر ہلاک ہوچکے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ریسکیو عملہ تعینات کردیا گیا ہے۔طیارہ گرنے کے بعد گوانگ ژی میں پہاڑوں پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹس کے مطابق طیارہ پرواز بھرنے کے صرف ایک گھنٹے تک فضا میں دکھائی دیا۔دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے مسافر بردار طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے انسانی جانوں کے المناک ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ واقعہ پر بیحد رنجیدہ ہوں، ہم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔