آئی جی اسلام آباد نے سندھ ہاﺅس پر حملے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی

280
آئی جی اسلام آباد نے سندھ ہاﺅس پر حملے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی

اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے سندھ ہاﺅس پر حملے کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی، جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہاﺅس پر 2 درجن سے زائد افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کے دوران سندھ ہاﺅس کے گیٹ کو نقصان پہنچایا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی زائد نفری ہونے کے باوجود سندھ ہاوس کا گیٹ ٹوٹنا شرمندگی کا باعث ہے، واقعے پر 10 اہلکاروں کی غفلت پر کارروائی کی جاری ہے۔

رپورٹ میں کہا ہے کہ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، مظاہرے میں سندھ ہاﺅس کے باہر دو اراکین بھی موجود تھے ، دونوں اراکین کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف دفعات قابل ضمانت تھیں، اس لیے شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا۔

گرفتار ہونے والے ملزمان کے بیان کے مطابق وہ احتجاج کے لیے پریس کلب کے سامنے جمع ہوئے تھے، تاہم تحریک انصاف کے ایم این ایز عطا اللہ اور فہیم خان کے پریس کلب آنے پر سندھ ہاﺅس جانے کا فیصلہ کیا گیا، اور ایم این ایز سمیت 5 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ سندھ ہاوس کی طرف روانہ ہوا، مظاہرین کو ایم این ایز کے ساتھ ہونے کی وجہ سے چیک پوسٹ پر روکا نہیں گیا، مظاہرین کسی ریلی کی شکل میں ریڈ زون میں دائر نہیں ہوئے۔

آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد پیپلزپارٹی کے ایم این اے عبد القادر مندوخیل اور انچارج سندھ ہاﺅس کی مقدمات کے اندراج کی درخواستیں موصول ہوئیں، معاملے پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اور آپریشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی، واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔یاد رہے جمعے کو چیف جسٹس عطا بندیال نے پیر تک آئی جی اسلام آباد سے سندھ ہاﺅس پر حملے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو قانون کے مطابق اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا تمام سیاسی جماعتیں اپنے وکلاکے ذریعے عدالت کی معاونت کریں۔سپریم کورٹ نے تمام سیاسی جماعتوں تحریک انصاف،مسلم لیگ ن ،جے یوآئی اور پیپلز پارٹی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو مقدمے میں فریق بنا دیا۔خیال رہے گذشتہ ہفتے گذشتہ تحریک انصاف کے مشتعل کارکن گیٹ توڑ کر سندھ ہاﺅس میں داخل ہو گئے تھے اور نعرے بازی کرتے رہے۔بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سندھ ہاﺅس پر حملہ کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا اور پولیس نے سندھ ہاﺅس اسلام آباد پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اور کارکنان کو گرفتار کرلیا تھا۔