لاہورٹیسٹ،جو جیتا وہی سکندر

361

آسڑیلیا اور پاکستان کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اورآخری ٹیسٹ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پیر (21 مارچ ) سے شروع ہوگا۔ یہ ٹیسٹ جو ٹیم بھی جیتے گی وہی سریز بھی جیت جائے گی کیونکہ سریز کے پہلے 2 ٹیسٹ برابر رہے تھے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان نے جو40 ٹیسٹ کھیلے ہیں اس میں سے12 میں اسے جیت ملی ہے اور 6 میں شکست ہوئی ہے۔ اسکے22 ٹیسٹ میچ برابر رہے ہیں۔ آسڑیلیا کے خلاف پاکستان نے اس میدان پر جو پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اس میں ایک میں اسے کامیابی ملی ہے،ایک میں شکست ہوئی ہے اور تین ٹیسٹ برابررہے ہیں۔آسڑیلیا اور پاکستان کے درمیان اس میدان پر پہلا ٹیسٹ نومبر 1959 میں کھیلا گیا تھا جو اس میدان پر ہونے والا بھی پہلا ٹیسٹ تھا۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے66 اوور میں146 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی اننگز میں کوئی بھی بلے باز نصف سنچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوا تھا۔ سب سے زیادہ اسکور حنیف محمد نے بنایا تھا ۔وہ49 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے۔ تیز بولر ایلن ڈیوڈ سن نے19 اوور میں48 رنز دیکر چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ آسڑیلیا نے اپنی پہلی اننگز118.3 اوور میں نو وکٹ پر391 رنز بناکر ڈکلیر کردی تھی جس کی بدولت اسے پہلی اننگز کی بنیاد پر245 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی تھی۔نارم اونیل نے220 منٹ میں19 چوکوں کی مدد سے134 رنز بنائے تھے۔دوسری اننگ میں پاکستان کی سبھی کھلاڑی179.4 اوور میں366 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ سعید احمد کے166 رنزکی بدولت پاکستان کا یہ اسکور ممکن ہو سکا۔ لیندسے کلائین نے44 اوور میں 75رنز دیکر سات کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔آسڑیلیا نے اپنی دوسری اننگز میں25.3 اوور میں تین وکٹ پر 123 رنز بنائے اور میچ سات وکٹ سے جیتا۔ اس میچ میں پاکستان کی قیادت امتیاز احمد نے کی تھی اور آسڑیلیا کے کپتان رچی بینو تھے۔
عمران خان کی قیادت میں اکتوبر 1982 میں ہوئے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے نو وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔ اس ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کے کپتان کیم ہیوز تھے۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے آسڑیلیا نے106.2 اوور میں316رن بنائے تھے۔ گریم وڈ نے آسڑیلیا کی جانب سے سب سے بڑا سکور بنایا تھا۔ وہ257 منٹ میں172 بالوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے85 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ عمران خان نے24.2 اوور میں45 رنز دیکر چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 119 اوور میں سات وکٹ پر467 رنز بناکر ڈکلیر کی تھی ۔ جاوید میانداد نے 416 منٹ میں264بالوں پر13 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے138 رنز بنائے تھے جبکہ محسن خان349 منٹ میں218 بالوں پر17 چوکوں کی مدد سے 135 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ آسڑیلیا کے سبھی کھلاڑی دوسری اننگز میں 90 اوور میں 214 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے۔عمران خان نے اس اننگ میں بھی چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا،20 اوور میں35 رنز دیکر۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں15 اوور میں ایک وکٹ پر64 رنز بناکر نو وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔ سیریز کا یہ آخری ٹیسٹ تھا ۔ پاکستان نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سبھی میچ جیتے تھے۔