اب ارکان نہیں، عمران کے جانے کی باری ہے،مریم اورنگزیب

131

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نشست تو اب عمران صاحب کی خالی ہونے کا وقت آگیا ہے۔اب ارکان کی نہیں، عمران صاحب کے جانے کی باری ہے۔ کس کے خلاف کیا کارروائی ہونی ہے ؟وہ عمران صاحب اور فواد چودھری نے نہیں بتانی۔ آئین میں لکھا ہواہے۔ ٹوئٹر پیغام میں مریم اورنگزیب کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ بڑھکیں نہ ماریں، گھر جانے کی تیاری کریں۔ آئین کے غدار اور باغی نہ بنیں۔ عمران صاحب اکثریت کھوچکے ہیں،مزید وزیراعظم مسلط نہیں رہ سکتے۔ یہ شوکاز غیرقانونی ہیں۔ کیا 22 کروڑ عوام کو شوکاز جاری کریں گے ؟جنہوں نے آپ کو مسترد کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 54کی کلاز 3کے تحت ایک چوتھائی ارکان ریکوزیشن درخواست جمع کرائیں تو اسپیکر اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 54میں لکھا ہے کہ اسپیکر صاحب 14 روز سے زاید تاخیر نہیں کرسکتے، اپوزیشن نے 8 مارچ کو ریکوزیشن جمع کرائی تھی، اس طرح سے آخری دن 22 مارچ بنتا ہے ،اسپیکر صاحب نے 22 مارچ سے پہلے اجلاس نہ بلایا تو آئین شکنی ہو گی ،آئین شکنی کے بارے میں آرٹیکل 5 واضح ہے اور آرٹیکل 6 میں سزا لکھی ہے۔