عدم اعتماد آئینی حق ہے،آئین توڑنے والے پر آرٹیکل 6 لگے گا،شاہد خاقان

134

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ایک جمہور ی و آئینی حق ہے‘ اس معاملے کو لٹکایا نہیں جاسکتا، آپ کو سامنا کرنا ہوگا جو آئین توڑ ے گا‘ چاہے وہ اسپیکر اور وزیراعظم ہو یا کوئی اور‘ اسے آرٹیکل 6 کاسامنا کرنا پڑے گا‘ ہم غیر آئینی رکاوٹوں جیسی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں جو لوگ عمران خان سے منحرف ہیں انہوں نے ہی اقتدار دیا تھا‘ حکومت کی نااہلی خطرہ بن چکی ہے۔ اسلام آباد میں پارٹی رہنما احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ بلوچستان اسمبلی کی طرح کی تحریک عدم اعتماد نہیں ہے جہاں ساڑھے3 ارب روپیہ خرچ ہوا ‘ یہ نہ تو سینیٹ الیکشن ہے اور نہ ہی آزاد کشمیر اور جی بی الیکشن جہاں پیسوں کا استعمال ہوا تھا‘ یہ اسپیکر قومی اسمبلی گھر میں بیٹھ کر پیسے بانٹنے والا عمل نہیں ہے‘ عمران خان کو یقین ہوگیا کہ اس کے دن پورے ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ناکامی کو دیکھ کر اپنی گندی سیاست کو بچانے کے لیے مذہب کارڈ استعمال کر رہی ہے‘ امربالمعروف کا مطلب غریب کو مہنگائی میں مبتلا کرنا، عوام کو بیروزگار کرنا اور میڈیا کا گلا گھونٹ دینا نہیں ہے۔