اسلام آباد (آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان او آئی سی کا بانی رکن ہونے کے ناطے، او آئی سی کے پلیٹ فارم کو مزید مستحکم دیکھنا چاہتا ہے‘ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اسلاموفوبیا کے خلاف ہماری کاوشیں ثمر بار ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا ۔ سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو پارلیمنٹ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کے حوالے سے کیے گئے انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس اجلاس میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز بشمول فلسطین اور کشمیر کی صورتحال بھی زیر بحث آئے گی‘ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اسلاموفوبیا کے خلاف ہماری کاوشیں ثمر بار ہوئیں‘ اقوام متحدہ میں قرارداد منظور ہو چکی ہے اب ان شاء اللہ 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن منایا جائے گا‘ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔