عدم اعتماد کامیاب ہونے پر نواز شریف واپس آجائینگے، محمد زبیر

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ کے رہنما محمد زبیرکا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد شہباز شریف ملک کے وزیراعظم ہونگے، نواز شریف وطن واپس آئیں گے اور اپنے خلاف عدالتی فیصلوں کا سامنا کریں گے، عمران خان اکثریت کھوچکے ہیں، اپوزیشن کو للکارنے کے بجائے وہ 27 مارچ کو جلسے میں مستعفی ہونے کا اعلان کردیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لانگ مارچ کے حوالے سے ن لیگ سندھ کے مشاورتی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان اقلیتی حکومت کے وزیراعظم ہیں لہذا اخلاقی طور پر استعفے کا اعلان کردیں اگر حکومت نے گڑبڑ نہ کی تو 2 یا 3 اپریل کو عمران خان فارغ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی وہ کام کریں جو آئین اور قانون کہتا ہے کیوں کہ مستقبل قریب میں نہ تو وہ رہیں گے اور نہ ہی عمران خان پھر ان کو کوئی نہیں بچا سکتا۔