اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حلف نیازی کی وفاداری کا نہیں اٹھایا،وزیراطلاعات سندھ

280
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حلف نیازی کی وفاداری کا نہیں اٹھایا،وزیراطلاعات سندھ
کراچی: وزیراطلاعات سندھ سعید غنی سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی:وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، نیازی کی وفاداری کا نہیں، آئین کی خلاف ورزی پر اسپیکر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی ہو سکتی ہے۔

اتوار کو عدم اعتماد کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے کہا ہے کہ آئین اور رولز کے تحت اسپیکر 14 روز میں اسمبلی اجلاس بلانے کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر 28 مارچ تک ووٹنگ نا ہونا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔

سعید غنی نے کہا۔کہ اسپیکر 7روز میں عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کروانے کا پابند ہے اور ایسا نہ کرنے اور آئین کی خلاف ورزی پر اسپیکر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کاروائی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی سرکار OIC کانفرنس کی آڑ میں آئین کی سنگین خلاف ورزی سے باز رہے۔

عمران نیازی اسمبلی میں اکثریت کھونے کے بعد وزیر اعظم کے عہدے پر چمٹا ہوا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران نیازی شکست خوردہ ذہنیت کے ساتھ اراکین اسمبلی پر حملے کروا رہا ہے۔ سعید غنی نے ان تمام افسران کو خبردار کیا جو نیازی حکومت کے غیر قانونی احکامات ماننے رہے ہیں اور کہا کہ غیر قانونی احکامات ماننے والے افسران کے خلاف کاروائی ہوگی۔