کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل اسکواش چمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے، امید ہے کہ مستقبل میں جہانگیر خان جیسے کھلاڑی سامنے آئیں گے، کراچی میں تسلسل کے ساتھ کھیلوں کے مقابلے ہورہے ہیں جس سے شہر قائد کی روشنیاں بحال ہوئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بحیثیت مہمان خصوصی کراچی اوپن اسکواش چمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کراچی اوپن اسکواش چمپئن شپ میں مصری کھلاڑیوں نے مینز اینڈ ویمنز ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مقابلے میں کریم عبدالگواد نے ہم وطن حریف یوسف سلیمان کو3-0 سے ہرایا ، جبکہ ویمنز کیٹیگری فائنل میں ہانک کانگ کی چن سن یک ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئیں اور نور ابولاماکریم چیمپئن بن گئیں ، فائنل مقابلے کا اسکور 11-7، 9-11 اور 8-6 رہا ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ ڈی جی رینجرز سندھ کی کوششوں کی وجہ سے یہ ایونٹ منعقد ہوا ہے اور بلا شبہ رینجرز کا کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کو پروموٹ کرنے کے اقدامات کر رہی ہے، اسپانسرشپ سے کھلاڑیوں کو مزید آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔