ایران یمنی تنازع کے حل میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے‘ امریکا

228

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی مرکزی کمان کے کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی نے کہا ہے کہ ایران یمن میں کسی حل تک پہنچنے کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔امریکی ایوان نمایندگان میں مسلح افواج کی کمیٹی کی جانب سے منعقد اجلاس میں میکنزی نے کہا کہ تہران نے ایک بوری چاول یا کوئی بھی غذائی مواد یمن نہیں بھیجا ۔ تہران سے ہمیشہ مہلک ہتھیار ہی یمن میں پہنچا ئے گئے۔ امریکی جنرل نے کہا کہ یمن ، عراق اور شام میں تنازعات بھڑکانے کے لیے ایران خطے میں اپنے ایجنٹوں پر انحصار کرتا ہے۔ سعودی عرب کو حوثی ملیشیا کی جانب سے مسلسل حملوں کا سامنا ہے۔ ان حملوں میں ایران کی جانب سے پیش کیے گئے جدید ڈرون طیارے اور میزائل استعمال ہو رہے ہیں۔ حوثیوں نے اپنی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے امارات میں شہری ٹھکانے اور امریکی اڈوں کو بھی شامل کر لیا ہے۔ ایران کے میزائل خطے میں ہر ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔