اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی کانفرنس کو ان کا باپ بھی خراب نہیں کرسکتا۔ ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن باتیں کم اور تحریک عدم اعتماد میں ہارنے کی تیاری کرے‘ او آئی سی کانفرنس کی حفاظت، حکومت اور افواج کی ذمہ داری ہے‘ او آئی سی کو سبوتاژ کریں گے تو سارا سسٹم سبوتاژ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہارکی وجہ سے ڈراما کرنا چاہتے ہیں‘ بلاول ذہنی پستی کا شکار ہیں‘ اپوزیشن کو پتا چل گیا ہے کہ ان کے بندے نہیں نکل رہے‘ یہ ہارنے کی تیاری کریں اور او آئی سی کانفرنس کو سبوتاژ نہ کریں۔اس سے قبل راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم آپ وقت کے شیرشاہ سوری ہیں‘ چھوٹے لوگ وزیراعظم کی مخالفت کر رہے ہیں‘ ہمارا ووٹ آپ کا ہے، چور آصف زرداری، بھگوڑے نوازشریف، شہباز شریف ٹائپ کے لوگ عمران خان کو شکست نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 72گھنٹے میں مزید خوشخبریاں آئیں گی‘ وزیراعظم غریب کی حالت کو بدلنا چاہتے ہیں‘ یہ نہیں ہوسکتا کہ شوگر، آٹا مافیا ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹے، یہ نہیں ہوسکتا کہ شوگر مافیا حکومتیں بنا رہا ہو، وزارت عظمیٰ چھوٹی چیزہے جو آتی اور جاتی ہیں‘ وزیراعظم آسانی سے گھر نہیں جائے گا تمہیں بھی گھر لیکر جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تمہاری بنیادوں اور جڑوں میں بیٹھ جائے گا‘ چور، لٹیرے اکٹھے ہو چکے ہیں‘ یہ عمران خان کی صلاحیتوں سے واقف نہیں‘ اپوزیشن ساری عمر پچھتائے گی کہ کس لیڈرکو للکارا تھا ۔