سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ حکومت اور محکمہ ایف بی آر کے ظالمانہ اقدامات کو نہ پہلے کبھی قبول کیا ہے اور نہ آئندہ قبول کرینگے، تاجر برادری کے دیے ہوئے سے ٹیکس سے ملک کا پہیہ چلتا ہے اور حکمران اور افسران تنخواہیں لیتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ٹیکس ادا کرنے والے تاجروں کو سہولیات اور مراعات دینے کے بجائے انہیں ہی مزید نت نئے انداز سے ٹیکسز عائد کر کے تنگ و پریشان کیا جا رہا ہے، پوائنٹ آف سیل، جیولرز پر 17فیصد سیلز ٹیکس سمیت دیگر تاجر دشمن اقدامات کے خاتمے کیلئے اگر پورے ملک کاپہیہ جام کرنا پڑا بھی تو کریں گے، محکمہ ایف بی آر کی جانب سے 500 سے 600 اسکوائر فٹ والے دکانداروںکو بھی نوٹسز جاری کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ہم چھوٹے تاجروں کے حقوق حاصل کرنے کے لیے کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداد پور تاجر اتحاد کے چیئرمین عاقل گل وسان، صدر عامر علی بھٹی، جنرل سیکرٹری امان ناگرا و دیگر کی جانب سے شہداد پور میں منعقدہ ملک گیر تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمدکاشف چوہدری، سیکریٹری جنرل آغا عبدالقیوم، کامران میمن،عاشق حسین عباسی سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ تاجر کنونشن میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے رہنمائوں بابو فاروقی، محمد منیر میمن، ذاکر خان، لالہ محب، عاشق عباسی و دیگر شرکت کی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور محکمہ ایف بی آر کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے صنعت و تجارت کاروبار تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، کورونا وائرس کے باعث کاروبار پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں حکومت تاجر برادری کے مطالبات پر آسان اور سہل فیکسڈ ٹیکس نظام متعارف کرانے کے بجائے آئی ایم ایف کی ایما پر ٹیکسز میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔ جسے ملک بھر کے تاجر مسترد کر چکے ہیں اور اس ظالمانہ ٹیکس نظام کے خلاف سراپا احتجاج ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تاجر برادری کے مسائل حل کر کے ظالمانہ ٹیکسز کا خاتمہ نہیں کیا تو اس کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اور تاجر برادری عوام سڑکوں پر نکل بھرپور احتجاج کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور محکمہ ایف بی آر کے افسران پر عائد ہوگی۔ اس موقع پر شہداد پور تاجر اتحاد کی جانب سے ملک بھر سے آئے تاجر قائدین کا والہانہ پرتپاک استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے سندھ کا روایتی تحفہ سندھی ٹوپی اور اجرکیں پیش کیں اور انہیں تاجروں کیلئے بہترین خدمات انجام دینے پر خصوصی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔