کو ئٹہ(نمائندہ جسارت) قائم مقام ڈی آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ بچے پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔بچے کو چوری کے کیس میں ایگل اسکواڈ نے گرفتار کیا تھا،کوئٹہ میں ڈی آئی جی پولیس غلام اظفر اورایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بچے پر تشدد کا واقعہ 4 جولائی 2021 کو پشتون آباد پولیس اسٹیشن میں پیش آیا تھا ، ویڈیو کی منظرعام پر آنے کے بعد سب انسپکٹر فتح شیر اور ہیڈ کانسٹیبل نصر اللہ کو جمعے کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بچے کو چوری کے کیس میں ایگل اسکواڈ نے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کی جانب سے بچے پر ٹارچر کسی صورت قابل قبول نہیں ہے، تشدد کرنے اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ جس تھانے میں بچے پر تشدد کیا گیا اسی تھانے میں اہلکاروں کو گرفتار کرکے رکھا گیا ہے، تھانہ کلچر کی بہتری کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تھریٹس کے حوالے سے پولیس الرٹ ہے، حساس مقامات پر اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس ہیں۔انشاء اللہ جلد معاملات معمول کے مطابق آ جائیں گے، قائم مقام ڈی آئی جی غلام اظفر کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ اب تک مکمل نہیں ہوا، جلد ہی سیف سٹی پروجیکٹ کو جلد مکمل کیاجائے گا۔