تحریک عدم اعتماد کیلیے 200 ارکان کی حمایت حاصل ہے، خورشید شاہ

112

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہتحریک عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن کو 200 کے قریب ارکان کی حمایت حاصل ہو چکی، اسپیکر نے 21 مارچ کو ریکوزیشن اجلاس تحریک عدم اعتماد پیش کیے بغیر ملتوی کیا تو خلاف آئین ہوگا، اسپیکر کیخلاف آئین شکنی کی سزا لاگو ہوگی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 21 مارچ تک تحریک عدم اعتماد پیش نہ کرنے کے نتائج سے اسپیکر کو خبردار کردیا، یہ نہیں ہو سکتا کہ 21 کو اجلاس ہو اور اسپیکر تحریک عدم اعتماد پیش نہ کرے، تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کی ریکوزیشن کا ایجنڈا ہے 21 مارچ ریکوزیشن اجلاس کے ایجنڈے پر عملدرآمد کی ڈیڈ لائن ہے، 21 مارچ کو اجلاس بغیر تحریک عدم اعتماد پیش کیے ملتوی کرنا آئین کی خلاف ورزی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کی سندھ ہاؤس میں داخل ہونے کی بدترین مثال آپ کو کبھی نہیں ملے گی، یہ حکومت کی گھبراہٹ کی نشانی ہے، تصادم کی طرف حکومت جا رہی، نتائج کی ذمے دار بھی وہ خود ہوگی۔