ڈور بنانیوالے کارخانے کھلے عام کام کر رہے ہیں، حمزہ شہباز

197

لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ڈور بنانیوالے کارخانے کھلے عام کام کر رہے ہیں، نااہل حکمرانوں کو عوام کی جان ومال کے تحفظ کی کوئی فکر نہیں۔ حمزہ شہباز نے پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ قاتل ڈور پھرنے سے 22 سالہ نوجوان اور والدین کے اکلوتے
سہارے کی ہلاکت نہایت افسوسناک ہے۔ مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعاگو اور اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ اس قیمتی انسانی جان کا لہو کس کے ہاتھ پر تلاش کیا جائے؟ ۔ انہوںنے کہاکہ گورننس نام کی چیز اس صوبے سے مدت ہوئی رخصت ہو چکی ہے۔ شہباز شریف کے دور میں پتنگ بازی اور قاتل ڈور کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی تھی۔پتنگ ڈور بنانے والے درجنوں کارخانے اب کھلے عام کام کر رہے ہیں۔ اقتدار کے مزے لوٹتے نااہل حکمرانوں کو عوام کے جان و مال کی پرواہ نہیں،بڑھتے جرائم ، ڈینگی سے اموات ، سانحہ مری سمیت اس حکومت کی انسانی جان کے تحفظ میں ناکامیوں کی ایک لمبی فہرست ہے۔ اس ناکام و نااہل حکومت کو گھر بھیجنے میں ہی عوام کی عافیت ہے۔