سکھر : تاجر تنظیمات چوکیداری نظام شروع کرانے کیلیے رضا مند

163

سکھر (نمائندہ جسارت) 65 سے زائد تاجر تنظیمات پر مشتمل آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن اور پولیس افسران سکھر میں امن و امان کی بہتری، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے ، تجارتی مراکز میں دن و رات میں چوکیداری نظام باقاعدہ شروع کرنے اور تاجر تنظیموں کے عہدیداران اپنے اپنے بازاروں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرانے کے لیے رضا مند ہوگئے۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی آفس میں ڈی آئی جی سکھر طارق عباس قریشی اور ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کے ہمراہ حاجی محمد ہارون میمن کی زیر قیادت تاجروں کے نمائندہ اجلاس میں شہر کی بہتری کے لیے مشترکہ کام کرنے پر اتفاق کیا۔ طے پایاکہ تمام بازاروں کے صدر و جنرل سیکرٹری اپنے اپنے بازاروں سے رضاکارانہ طور پر از خود تجاوزات ختم کرائیں گے تاکہ سکڑی ہوئی سڑکیں روڈ راستے کشادہ ہو سکیں اور ٹریفک جام کے مسئلے پر قابو اور ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جاسکے اس طرح تمام بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز میں دن و رات میں چوکیداری نظام باقاعدہ شروع کرنے کے لیے گارڈز مقرر کیے جائیں گے۔ اس موقع پر حاجی محمدہارون میمن نے ڈی آئی جی سکھر طارق عباس قریشی اور ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کی توجہ سکھر کے تجارتی مراکز کے قریب پارکنگ ایریا مقرر کرنے یا نیا پارکنگ ایریا بنانے کی تجویز اور متعدد مقامات کی نشاندہی بھی کی اور تاجروں نے اپنی اپنی تجاویز اور مشوروں کے ساتھ ساتھ آرا بھی دیں کہ سکھر شہر کوماڈل سٹی کیسے بنایا جاسکتا ہے۔