اسلام آباد میں بد امنی ہوئی تو وزیر داخلہ سے ڈی سی تک سب ذمے دار ہونگے ، اسلام آباد ہائیکورٹ

234

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے ہیںکہ اگر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بدامنی ہوئی تو وزیر داخلہ سے لیکر ڈپٹی کمشنر تک سب ذمے دار ہوں گے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار خاتون شہری عاصمہ ملک کی جانب سے پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتوں کو ڈی چوک پر جلسے سے روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔شہری عاصمہ ملک کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پرتشدد احتجاج اور تصادم کا خدشہ ہے، حکومت اور اپوزیشن دونوں کے احتجاج سے جھگڑے ہوں گے،پی ٹی آئی اور دیگرسیاسی جماعتوں کے ڈی چوک پراجتماع کو غیرقانونی قراردیا جائے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کسی شہری یا پارٹی کو پرامن احتجاج سے نہیں روک سکتے،یہ ریگولیٹرکی ذمے داری ہے، عدالت خطرات کو بھانپنے کاکام نہیں کر سکتی۔ عدالت نے پرامن احتجاج کو یقینی بنانے کی ذمے داری وزارت داخلہ و انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔