ضمیر بیچنے والے ارکان اسمبلی کو کوئی روک نہیں سکتا ، شاہ محمود قریشی

183

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ضمیر بیچنے والے ارکان اسمبلی کو کوئی روک نہیں سکتا۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھاکہ ہر منتخب نمائندے کو ووٹرز کا احساس ہوتا ہے، ہر منتخب نمائندہ محترم ہے وہ لاکھوں لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے،دیکھنا ہے عدم اعتماد کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے، میری نظرمیں چودھری برادران بڑے وضع دار ہیں وہ مناسب وقت پر درست فیصلہ کریں گے۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ جتنا نقصان جمہوریت کو آج ہورہاہے تاریخ میں کبھی نہیں ہوا،پیپلزپارٹی جمہوریت کی علمبردار بن کر جمہوریت کو نقصان پہنچارہی ہے، بلاول ابھی بچہ ہے اور ناسمجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا نہ جھنڈا ایک، نہ نظریہ اورنہ ہی ایجنڈا ایک ہے، اپوزیشن کا ایک نکاتی ایجنڈا صرف وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا ہے۔