ایران کے پاس 3ہزار بیلسٹک میزائل ہیں ، امریکی دعویٰ

355

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس 3ہزار بیلسٹک میزائل ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل کینتھ میک کنزی کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس اب تقریبا 3ہزار بیلسٹک میزائل ہیں جن میں سے چند اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب تک مارکرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان میں سے ابھی تک کوئی یورپ تک مار نہیں کرسکتا، لیکن گزشتہ 5سے 7برسوں میں ایران نے اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ زمین پر ساکت اور متحرک اہداف کو نشانہ بنانے والے کروز میزائل تیار کرنے کی کوششوں کے ساتھ تہران نے تیزی سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون کی تیاری میں بھی بڑی پیش رفت کی ہے۔ امریکی جنرل کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب ایران نے حال ہی میں عراق پر12میزائل داغے ہیں۔جنرل میک کنزی نے قانون سازوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نہیں خیال کہ گزشتہ ہفتے بیلسٹک میزائل کا حملہ ہمارے خلاف تھا۔ایران نے امریکا کو مشرق وسطی سے نکالنے کی کوششوں کے لیے عراق کو محاذ بنایا ہے۔ میک کنزی کا کہنا تھا کہ ایران اور اس کے تمام حامیوں کی طاقت کے زور پر امریکا کوخطے سے نکال باہر کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوچکی ہیں۔ گزشتہ کئی ماہ سے حملوں میں کمی آئی ہے، ایرانی حمایت یافتہ حملوں کو کچھ حد تک بہتر امریکی دفاعی اقدامات نے ناکام بنادیا ہے ، جس سے ایرانی ڈرون کے اثرات محدود ہوگئے ہیں۔