راولپنڈی(آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرین کی نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسٰی بن سلمان الخلیفہ نے ملاقات کی ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سکیورٹی
صورت حال پر بات چیت کی گئی جبکہ دونوں افواج کے درمیان پیشہ وارانہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی ، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ طرفین نے خطے میں امن و سلامتی کیلیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کو دہرایا ۔ بحرین کی نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے افغان صورت حال اور کامیاب بارڈر مینجمنٹ میں پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی ۔علاوہ ازیںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نائیجریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ر) بشیر صالحی میگاشی نے ملاقات کی ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سکیورٹی صورت حال اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آرمی چیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان نائیجریا کو براعظم افریقا میں اہم ملک تصور کرتا ہے اور ہم علاقائی امن کے لیے نائیجریا کے کردار کو سراہتے ہیں۔