راولپنڈی(آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نائیجریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ر) بشیر صالحی میگاشی نے ملاقات کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سیکورٹی صورت حال اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نائیجریا کو براعظم افریقا میں اہم ملک تصور کرتا ہے اور ہم علاقائی امن کے لیے نائیجریا کے کردار کو سراہتے ہیں۔علاوہ ازیںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسٰی بن سلمان الخلیفہ نے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سیکورٹی صورت حال پر بات چیت کی گئی جبکہ دونوں افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔