امپائر عمران کیساتھ ہے ، معاملات افہام و تفہیم سے حل نہ ہوئے تودمادم مست قلندر ہوگا ، شیخ رشید

504
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید میڈیا نمائندوںسے گفتگو کررہے ہیں

 

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ امپائر پاکستان کے ساتھ ہیں ،میں جن کو جانتا ہوں ان کو پاکستان کی فکر ہے ،وہ سمجھارہے ہیں کہ اپنے معاملے باہمی افہام و تفہیم سے حل کریں، وہ جمہوریت کے حامی ہیں،اگر معاملات حل نہ ہوئے تو پھر دما دم مست قلندر ہوگا، اپوزیشن کے پاس 172 ووٹ موجود نہیں، ان کی بے وقوفیوں کی وجہ سے عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے۔ کل صبح تک عمران خان کے حق میں اچھا فیصلہ آئے گا۔ اتحادی عمران خان کے ساتھ ہیں، کہیں نہیں جا رہے۔ چودھری برادران کو مشورہ ہے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں، وہ 4 سال اس پارٹی کے ساتھ رہے ہیں۔ سارے اتحادی لوٹ کر عمران خان کے پاس واپس آئیں گے۔ 4 ماہ سے فضل الرحمن لانگ مارچ کی بات کررہے ہیں، اپوزیشن 23 مارچ کو
اسلام آباد آئے کسی کو نہیں روکیں گے۔ بلاول سے میراکبھی بھی جھگڑانہیں رہا۔ اپوزیشن ملک میں انارکی پھیلانے سے گریز کرے، ملک کو انتشارکی طرف نہ جانے دیں، عدم اعتماد کے بجائے کچھ اور بھی نکل سکتا ہے۔ طویل عرصے کے بعد او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس ہونے جارہی ہے ،جو سامراجی سنڈیاں ہیںان کو تلف کر دیا جائے گا،میں چودھریوں کو مشورہ دوں گا وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں ، میں انہیں مشورہ ہی دے سکتا ہوں باقی وہ اپنا فیصلہ خود کریں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 23سے30مارچ تک 7 دن بڑا ہی زور دار ہفتہ ،یہ جوڈو کراٹے کی سیاست کا ہفتہ ہے۔تحریک انصاف نے 27تاریخ کو جلسے کی تاریخ رکھی ہے اس دن کوئی ووٹ ڈالنے نہیں آرہا ۔ انہوں نے کہا کہ چار مہینے سے مولانا فضل الرحمان لانگ مارچ کی بات کر رہے ہیں وہ کوئی موز تنگ ہیں؟وہ عالم دین ہیں ان کو سمجھنا چاہیے کہ مولاجٹ کی سیاست نہیں چلے گی کیونکہ اس کے نتائج بہت خوفناک خطرناک ہوں اور کہیں عدم اعتماد کی بجائے کچھ اور نہ نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 23مارچ کو آئے سکیورٹی دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے جو تحریک جمع کرائی ہے اس کے لحاظ سے تاریخ21یا 22بنتی ہے ،آخری 9دن اسپیکر کے پاس ہیں جو 28 یا30 مارچ بنتی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن آئے تحریک عدم اعتماد میں ووٹ دیں اگر کسی کو روکا گیا تو میں ذمے دار ہوں ،ہم نے ایف سی اور رینجر زکے دو ہزار جوان طلب کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے ،روس اور یوکرین کی صورتحال سب کے سامنے ہے ، امریکا نے چین کے ساتھ کیا لہجہ اختیار کیا ہے ۔پاکستان میں ایک طویل عرصے کے بعد او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس ہو رہی ہے، اس میں شاید چین کے وزیر خارجہ بھی آئیں۔ جو سامراج کی سنڈیاں ہیں جو سامراجی سنڈیاں ہیںان کو تلف کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت کی مدت پوری ہونے میں ایک سال رہ گیا ہے ،ان کی عقل پرماتم کرنے کو دل کرتا ہے ، جب انتخابات میں ایک سال رہ گیا ہے تو اس سے پہلے پھڈا کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے172آدمی پورے نہیں ہو رہے ہیں،ہمارے اتحادی خوش ہیں او روہ انجوائے کر رہے ہیں مزے کر رہے ہیں۔ 172 ووٹوں کیلیے مارکیٹ میںبولیاں لگ رہی ہیں اور یہ لگتی رہتی ہیں ،بکنے اور بکنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے وہ رسوا ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے اتحادیوں اور حکومت کے ارکان پر یقین ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے،جو غیرت مند ہوتا ہے با ضمیرہوتا ہے جو اصلی ہوتا ہے وہ امتحان کے وقت اپنے ساتھیوں کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے،وہ اچھے اور برے دن دوستوں کے ساتھ گزارتا ہے ،امتحان کے دن پیٹھ نہیںدکھاتا ہے، 23 سے 30 مارچ کے دوران عمران خان سر خرو ہوگا۔