عمران خان 100 فیصد مشکل میں ہیں ، پرویز الٰہی ، حکومت اپوزیشن جلسے منسوخ کریں ، چودھری شجاعت

109

اسلام آباد(صباح نیوز،آن لائن)تحریک عدم اعتماد سے پہلے اسپیکر پنجاب اسمبلی و حکومتی اتحادی چودھری پرویز الٰہی نے وزیراعظم عمران خان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ایک نجی ٹی وی کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سو فیصد مشکل میں ہیں،سارے اتحادی اپوزیشن کی طرف ہیں۔ (ق) لیگ کے پرویز الٰہی نے اپوزیشن میں (ن) لیگ ، پیپلز پارٹی اور مولانا کے اتحاد کو پکا اور دیرپا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب مخالفین ایک شخص کے خلاف ایک ہوتے ہیں تو تلخیاں بھلادیتے ہیں۔ دوسری جانبپاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے حکومت اور اپوزیشن سے اپیل کی ہے ملک کے مفاد میں لانگ مارچ اور جلسوں کو منسوخ کیا جائے ۔ منگل کے روز اپنے ایک بیان میں چودھری شجاعت نے کہا کہ موجودہ نامساعد معاشی اور سیاسی حالات اس خطرناک محاذ آرائی کے متحمل نہیں ہو سکتے، غربت اور مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور نمبروں کی سیاست سے سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اپوزیشن تو جلسوں کی سیاست کرتی ہی ہے مگر اس وقت حکومت بھی اس کے مقابلے میں جلسے کرنے لگ گئی ہے جو حکومت کا کام نہیں ہے، یہ سیاسی مسابقت ملک میں ایسی سیاسی افراتفری اور بحران پیدا کر سکتی ہے جس کا فائدہ پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ہو سکتا ہے، اگر اس لڑائی میں کوئی مارا گیا یا کسی کو مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے، دونوں فریقین اپنے اپنے کارکنان کو اشتعال انگیز سیاست کا راستہ مت دکھائیں اور آئین و جمہوریت کی پاسداری کیلیے ہار اور جیت کو انا کا مسئلہ بنائے بغیر جمہوری طریقے کے مطابق ووٹنگ میں حصہ لیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے، ہمیں چھوٹی پارٹی کہنے والے بھول گئے ہیں کہ ہم نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی خاطر بڑے فیصلے کیے ہیں اور دوسروں کی مخالفت مول لینے کے باوجود ہمیشہ تدبیر اور صلح جوئی کو ترجیح دی ہے۔