ارکان کو دھمکانے یا رابطوں میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں ،شاہ محمود

160

اسلام آباد/ اقوام متحدہ (مانیٹرنگ ڈیسک+ اے پی پی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اگراپوزیشن کے نمبرزپورے ہیں تودھرنوں کی کیا ضرورت ہے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کہتی ہے کہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں۔اگرنمبرز پورے ہیں تواسلام آباد میں دھرنوں کی کیا ضرورت ہے۔ ارکان کودھمکی دینے یا رابطوں میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ آئینی اور قانونی طریقے سے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام ارکان اپنی آئینی وقانونی ذمے داری کوبخوبی سمجھتے ہیں۔ تحریک عدم اعتمادپیش کرنا اپوزیشن کا آئینی حق ہے اورعدم اعتمادکامقابلہ کرناہمارآئینی و جمہوری حق ہے۔شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے لانگ مارچ کیا، حکومت نے کہیں نہیں روکا، لانگ مارچ کرنے والوں کوآئندہ بھی نہیں روکا جائیگا۔ کچھ چیزیں ایسی ہیں جووزیراعظم قوم سے شیئر کرنا چاہتے ہیں۔ جلسے کے ذریعے وزیراعظم عمران خان قوم کواعتمادمیں لیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلام آباد میں اوآئی سی کانفرنس ہونے والی ہے اس کے اجلاس میں مداخلت نہیں ہونے دیں گے۔ اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس پاکستان کے لیے اعزازہے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کی صدرکو لکھے گئے ایک خط میں بھارت سے 9مارچ کو پاکستان میں بھارتی سپر سونک میزائل گرنے کے واقعہ کی مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور بھارت کی طرف سے اس واقعہ کی اپنے تئیں تحقیقات کو مسترد کر دیا ہے۔