اسلام آباد (اے پی پی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف کیس چیف جسٹس کو بھجوادیا۔دوران سماعت درخواست گزار چیئرمین یونین کونسل سردار مہتاب کے وکیل عادل عزیز قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیاکہ آرڈیننس پرعدالت عظمیٰ کا کوئی فیصلہ آیا ہے؟، جس پر ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی نے بتایاکہ آرڈیننس سے متعلق عدالت عظمیٰ کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ اس کیس میں اٹارنی جنرل نے خود پیش ہونا تھا، ایڈووکیٹ عادل عزیز نے کہاکہ آرڈیننس سے متعلق عدالت عظمیٰ اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے موجود ہیں،پیکا ترمیمی آرڈیننس کے خلاف چیف جسٹس کی عدالت میں مقدمات زیر سماعت ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ کیوں نہ اس کیس کو بھی چیف جسٹس کے پاس بھجوا دیاجائے اور عدالت نے فائل چیف جسٹس کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔