شاہ محمود قریشی کاجرمن ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

193

اسلام آباد(آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کاجرمن وزیر خارجہ کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ ہوا،جس میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و عالمی تناظر میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ، پاکستان باہمی فائدے کے تمام شعبوں میں جرمنی کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ اپریل
میں جرمن وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔ یوکرین کی صورتحال پر وزیر خارجہ نے جرمن ہم منصب کو پاکستان کے نقطہ نظر اور تشویش سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے 9 مارچ 2022ء کو بھارت کی جانب سے میزائل کے ذریعے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور خطے کو درپیش شدید خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے میزائل کو’’حادثاتی‘‘ فائر قرار دینا اور غلطی تسلیم کرنا ناکافی ہے۔وزیر خارجہ نے اس واقعے کی مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس سنگین نوعیت کے واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔