بلاول اور انکے والد بولیاں لگاکر آئین کی روح متاثر کررہے ہیں،شاہ محمود

334
اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود پاک برطانیہ معاہدوں سے متعلق خصوصی کابینہ کمیٹی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں،شیخ رشید،شیریں مزاری بھی موجود ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم ان شااللہ تحریک عدم اعتماد کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اپوزیشن کو شکست دیں گے۔گزشتہ روزپریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ میری بلاول سے گزارش ہو گی قومی اور آئینی اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا مناسب نہیں ہے،ہم ان شا اللہ عدم اعتماد کی تحریک کا مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلاول آرٹیکل 6کا ذکر کرتے ہیں،آئین سب کے لیے مقدس ہے۔وزیر خارجہ نے بلاول سے پوچھا کہ جب آپ اور آپ کے ابو نوٹوں کے تھیلے لیے ارکان کے دروازوں پر جا کر کہہ رہے ہیں کہ اپنی وفاداریاں تبدیل کرو تو کیا یہ حلف سے روگردانی نہیں؟آئین کی روح کو آپ اور آپ کے والد متاثر کر رہے ہیں،ان غیر آئینی ہتھکنڈوں سے باز رہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مت بھولیے کہ ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے ہمیں آ کر بتایا ہے کہ آپ ان کے ساتھ کیا گفتگو کر رہے ہیں،بحیثیت سیاسی کارکن مجھے اور میری جماعت کو اپنے اتحادیوں پر مکمل اعتماد ہے،وہ بہت وضع دار لوگ ہیں،انہوں نے ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا اور وہ اپوزیشن کی سب چالوں کو سمجھتے ہیں،وہ سب تجربہ کار سیاستدان ہیں اور کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے ۔