سکھر: 6 سالہ علیشاہ 2 گھنٹے میں بازیاب ،اہلخانہ کے حوالے

304

 

سکھر (نمائندہ جسارت) پولیس کی بروقت اور کامیاب کارروائی، 6 سالہ علیشاہ سولنگی کو 2 گھنٹے میں بازیاب کرکے اہلخانہ کے حوالے کردیا گیا، ترجمان پولیس کے مطابق پولیس نے ایس ایچ او بی سیکشن منصور ہتھار کی سربراہی میں بروقت کارروائی کی۔شاہی بازار سے لاپتا ہونے والی بچی علیشاہ کو باحفاظت بازیاب کرکے ورثاء کے حوالے کردیا، خیرپور ٹیڑھی کی رہائشی علیشاہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ شاہی بازار خریداری کے سلسلے میں آئی جہاں سے لاپتا ہوگئی تھی گمشدگی کی اطلاع اہلخانہ نے پولیس کو دی، واقعہ کا ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک نے نوٹس لیتے ہوئے بچی کی تلاش اور بروقت برآمدگی کے احکامات جاری کیے اور مختلف ٹیمز تشکیل دی گئیں، احکامات کی روشنی میں پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندی اور گمشدہ بچی کی تلاش اور برآمدگی کے لیے کوششیں شروع کر دیں، پولیس کی پیشہ وارانہ موثر حکمت عملی کی بدولت 6 سالہ علیشاہ کو بیراج روڈ کے قریب باحفاظت برآمد کرلیا گیا، قانونی کارروائی کے بعد بچی کو اس کے چچا امتیاز سولنگی کے حوالے کردیا گیا، بچی کے اہلخانہ نے پولیس کی بروقت کارروائی اور بچی کی برآمدگی پر سکھر پولیس بالخصوص ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کا شکریہ ادا کیا۔