اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کوئی گروپ نہیں اور علیم خان ہمارے دوست ہیں۔اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ جو بلے کے نشان پر منتخب ہوکر آیا وہ عمران خان کو ووٹ دینے کا پابند ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی عمران خان کو ووٹ نہیں دیتا تو اسے اخلاقی طور پر استعفا دے دینا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ اجلاس بلانے کا اختیار اسپیکر کا ہے وہ فیصلہ کریں گے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ۔وزارتِ خارجہ کی مختلف کمیٹیوں کے سربراہان نے وزیر خارجہ کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے انتظامات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے بعد، اڑتالیسویں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سفارتی حوالے سے ایک مرتبہ پھر عالمی توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے۔وزیر خارجہ نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اجلاس کے انتظامات کو بطریق احسن مکمل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے۔