اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بات چیت سیاستدانوں سے ہوتی ہے گالیاں دینے والوں، غنڈوں اور بدمعاشوں سے نہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو دشمنی میں بدلا اور جس نے معاشرے میں تقسیم، انتشار اور فساد پیدا کیا اس کا نام عمران خان ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں گند اور غلاظت عمران صاحب نے ڈالا ہوا ہے‘ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اس گندگی اور غلاظت کو صاف کرکے معاشرے میں پھیلے تعفن اور گھٹن کو ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کوگالیاں اور دھمکیاں دی گئیں‘ بے بنیاد الزامات لگائے گئے اور بہنوں بیٹیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا‘ ان سب کے بعد بات چیت کے لیکچر دینے والے فواد چودھری نے کیا عوام کو پاگل سمجھ رکھا ہے۔