اتحادیوں کی منت سماجت کرنے سے حکومت کی نا اہلی ثابت ہوتی ہے، مریم نواز

416
اتحادیوں کی منت سماجت کرنے سے حکومت کی نا اہلی ثابت ہوتی ہے، مریم نواز

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسی حکومت کا کیا فائدہ جس میں اپنے ہی اراکین کو نااہلی اور گھیراو کی دھمکیاں دے کر زبردستی ساتھ رکھنے کی سر توڑ کوششوں کے باوجود ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو اور جہاں اتحادیوں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بعد بھی آپ پسپا ہو رہے ہوں؟ یہ حکومت نہیں ذلت ہے، شرمندگی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ پر انہوں نے وزیراعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے علامہ اقبال کا شعر بھی لکھا۔

اے طائرِ لاہوتی! اس رزق سے موت اچھی

جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی!

آخر میں انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ مگر یہ عزت والے انسان کے لیے ہے، آپ کے لیے نہیں ۔علاوہ ازیں ن لیگ کے سابق سینیٹر چودھری تنویر کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میںٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ ن لیگی رہنما چودھری تنویر کو کراچی میں غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا پھر بغیر ٹرانزٹ بیل کے لاہور بھیج دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما دل کے دائمی مریض ہیں، دوائیاں لے رہے ہیں۔ ان کے خاندان والے ادویات ان تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن رسائی نہیں مل رہی۔آخر میں مریم نواز لکھا کہ کیا شرم کی بات ہے۔