سکھر(نمائندہ جسارت) چیئرمین نادرا طارق ملک کی خصوصی ہدایت پر ڈی جی نادرا سکھر ریجن کرنل (ر) سہیل محمود کی نگرانی میںنادرا سکھر کی طرف سے سکھر، لاڑکانہ اور نوابشاہ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں خواتین کی رجسٹریشن کے حوالے سے خصوصی مہم جاری ہے، 14 مارچ2022 ء تک خواتین کی رجسٹریشن کا عمل جاری رہے گا، ڈی جی نادراسکھر نے تمام دفاتر میں حکم نامہ جاری کیا ہے کہ خواتین کی رجسٹریشن میں تیزی لائی جائے، کرنل (ر) سہیل محمود کی نگرانی میں خواتین کی رجسٹریشن اور بہتری کے لیے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے اور ڈی جی نادرا سکھر مختلف اضلاع کے پروگراموںکی خود نگرانی کر رہے ہیں، سکھر ریجن میں تمام نادرا دفاتر میں 50 فیصد خواتین کے لیے کائونٹر مقرر اور خواتین اسٹاف کو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ نادرا کی موبائل وینز مختلف علاقوں میں خواتین کی رجسٹریشن کر رہی ہے ۔خواتین کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایک بڑی تقریب گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین لاڑکانہ میں منعقدکی گئی ، جس میں اساتذہ، طلبہ اور ضلع انتظامیہ کے لوگوں نے شرکت کی۔اس تقریب میں خواتین میں شناختی کارڈ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیاجہاں دور دراز علاقوں سے آئی ہوئی خواتین کی موبائل وین پر رجسٹریشن بھی کی گئی تا کہ خواتین کے شناختی کارڈ بنا کر ان کو قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔