جمہوری مزاج نہ رکھنے والا پی پی قیادت پر تنقید کر رہا ہے، قادر مری

270

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما اور آصف زرداری کے قریبی دوست رئیس غلام قادر مری نے کہا ہے کہ آصف زرداری یا ان کے اہل خانہ کے خلاف بداخلاقی برداشت نہیں کریں گے۔ برداشت اور بردباری کے ذریعے ہی سیاست کی جاتی ہے،آصف زرداری کی پاکستان کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے بے پناہ کام کیے ہیں،اپنے دور صدارت میں 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو مضبوط کیا جس کے سبب صوبے میں آج ترقی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جمہوریت کے استحکام اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے ہر طرح کی قربانیاں دیتی رہی ہے۔ پارٹی قیادت سے لے کر کارکنان تک نے آمرانہ دور میں اذیتیں برداشت کیں،جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ پیپلزپارٹی غریب مزدور اور کسانوں کی پارٹی ہے جس نے غریبوں کو ہمت اور حوصلہ دیا ، سیاسی شعور دیا جس کے باعث آج پاکستان سیاسی طورپر متحرک نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے وزراء پر جب بھی کیس بنائے گئے تو ان پر جو سب سے بڑا الزام ہوتا ہے وہ لوگوں کو ملازمت دینے کا ہے یہ واحد پارٹی ہے جو عوام کو روزگار اور ان کا معیار زندگی بلندکرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سندھ سمیت ملک کے عوام پیپلزپارٹی کو اقتدار میں لاتے ہیں اور اقتدار میں آنے کے بعد عوام کی خدمت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے پیپلزپارٹی اور ان کی قیادت پر تنقید وہ کررہا ہے جو نہ جمہوری مزاج رکھتا ہے اور نہ ہی اسے جمہوریت کی الف ب کا پتہ ہے ۔