وزیراعظم کا جلسہ الیکشن کمیشن پابندی کی کھلی خلاف ورزی ہے،بلاول

146

کراچی (اسٹاف رپورٹر+مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین پر انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے کی پابندی کا کوئی جواز نہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے موقع پر لوئر دیر میں عمران خان کا جلسہ الیکشن کمیشن کی پابندی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن لوئردیر جلسے میں شرکت پر عمران خان اور اس کی کابینہ کے افراد کو نااہل کرے، پبلک آفس ہولڈرز کی جانب سے انتخابی مہم میں حصہ لینے کی واضح پابندی کی خلاف ورزی کے بعد الیکشن کمیشن کو ایکشن لینا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن عمران خان کے خلاف اس کھلی خلاف ورزی پر کارروائی نہیں کرتا تو اپوزیشن اراکین پر انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے کی پابندی کا بھی کوئی جواز نہیں۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں بلاول زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی طرف سے جلسے میں فوج کا حوالہ دینا مایوس کن ہے۔انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کی گالیوں سے بھرپور زبان ثبوت ہے اسے اپنی شکست کا پتا چل چکا ہے۔بلاول نے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ کیا آپ نے کبھی کسی جیتنے والے کپتان کو اپنے مخالفین کو مغلظات نوازتے سنا ہے؟، مخالفین کو مغلظات جیتنے والے کپتان نہیں دیتے بلکہ ایسا تو شکست خوردہ عناصر کرتے ہیں، اس وقت جب عدم اعتماد زیر التوا ہے، جلسے میں فوج کا حوالہ دینا مایوس کن ہے اور یہ کام نہیں آئیگا۔